انتقامی کارروائی کا اقبال‘ ملزمین عدالتی تحویل میں
حیدرآباد۔ 2۔ فروری (اعتماد نیوز) دبیر پورہ پولیس نے حسینی محلہ میں روڈی شیٹر کے قتل کی سنسنی خیز واردات میں ملوث 4 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 28 جنوری کی رات دیر گئے دبیر پورہ پولیس کے روڈی شیٹر 33 سالہ عبدالکریم خاں ساکن عثمان پورہ مقتول بالسٹی کھیت کے پاس ٹہرا ہوا تھا کہ شاکر کے ساتھیوں نے اس کا تعاقب کیا اور اسے حسینی محلہ ‘ اگربتی کے کارخانہ کے قریب روک کر اس پر بری طرح سے مہلک ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ حملہ کے بعد حملہ آور سر عام مہلک ہتھیار لہراتے ہوئے اپنی موٹر سیکلوں پر یہ نعرے لگاتے ہوئے وہاں سے گذرے کہ ہم نے شاکر کی موت کا بدلہ لے لیا ۔ مصروف ترین علاقہ میں رات دیر گئے قتل کی اس واردات سے سنسنی پھیل گئی ۔ مقتول کے جسم پر 20 سے زائد ضربات کے نشانات پائے گئے تھے۔پولیس کے مطابق مقتول سال 2012ء میں میر چوک پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہوئے شاکر نامی شخص کے قتل کی واردات کا اہم ملزم تھا ۔ پولیس نے ملزمین کو پکڑنے کے لئے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں‘ آج چاروں کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ گرفتار شدگان میں چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر28 سالہ مشتاق الدین ساکن قدیم ملک پیٹ‘ 28 سالہ ضہیب ساکن کٹل گوڑہ چادر گھاٹ‘ 25 سالہ ریاض الدین اور 28 سالہ عرفان ساکن سلطان پورہ بتائے گئے ہیں۔ ان کے پاس سے 4 خنجر ضبط کرلئے گئے۔ مشتاق اور ضہیب کئی وارداتوں میں ملوث ہے اور سابق میں وہ جیل بھی جاچکے ہیں۔ قتل کی وجہ شاکر کی موت کا انتقال بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ مقتول نے ضہیب کو بھی سنگین نتائج کا انتباہ دیا تھا۔ حملہ آور شاکر کے دوست ہیں‘ انہوں نے شاکر کی موت کا بدلہ لینے اور ضہیب پر امکانی حملہ کے خوف سے روڈی شیٹر کریم کا قتل کردیا۔ پولیس اس معاملہ میں ملوث مزید افراد کے ملوث ہونے کی تحقیقات کررہی ہے۔ گرفتاری کی کارروائی انسپکٹر دبیر پورہ ڈی وی رنگاریڈی کی قیادت میں کی گئی جس میں ایڈیشنل انسپکٹر روی‘ سب انسپکٹر روی‘ سب انسپکٹر وجئے بھاسکر ریڈی‘ پولیس کانسٹبل وینکٹیش‘ سعید الدین‘ روپ سنگھ اور ہوم گارڈس ابراہیم‘ یشودھا ریڈی اور انور نے حصہ لیا۔
مانصاحب ٹینک فلائی اوور برج پر حادثہ‘ ایک ہلاک‘ ساتھی زخمی
ll مانصاحب ٹینک فلائی اوور برج پر کل رات پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک اور اس کا دوست زخمی ہوگیا۔ ہمایوں نگر پولیس نے بتایا کہ 23 سالہ سوریا انویش ساکن دلسکھ نگر متوطن گنٹور کل رات اپنے دوست وجئے شرما کے ساتھ ہمایوں نگر میں رہنے والے اپنے دوست سرینواس سے ملاقات کے بعد موٹر سیکل پر واپس ہورہا تھا‘ مانصاحب ٹینک فلائی اوور برج پر سامنے گاڑی آنے کے نتیجہ میں انویش نے اچانک بریک لگادیئے جس کے نتیجہ میں ان کی گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور وہ گر کر شدید زخمی ہوگئے۔ ہاسپٹل منتقل کرنے پر انویش جانبر نہ ہوسکا۔ اس کا دوست زیر علاج ہے۔
ڈرائیور کو دورہ پڑا‘بس درخت سے ٹکرا گئی‘ 30 مسافرین زخمی
llڈرائیور کو دورے پڑنے کے نتیجہ میں ایک بس حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں تقریباً 30 مسافرین زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع میدک پرگنیا پور ڈپو کی ہائیر بس آج سکندرآباد جوبلی بس اسٹیشن آرہی تھی۔ بس میں تقریباً 80 مسافرین سوار تھے۔
بس جیسے ہی شاہ میر پیٹ منڈل‘ توم کنٹہ کے قریب پہنچی‘ ڈرائیور کرشنیا کو اچانک دورے پڑنے لگے اور بس بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں تقریباً 30 مسافرین زخمی ہوگئے۔ کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زخمیوں کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔
سڑک حادثات میں 2 افراد ہلاک
llعلیٰحدہ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ سنتوش نگر پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ رگھو پتی ساکن چندرائن گٹہ 31 جنوری کی رات موٹر سیکل پر جانے کے دوران توازن کھو کر گر پڑنے کے نتیجہ میں زخمی ہوگیا تھا۔ اسے علاج کے لئے ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ایک اور حادثہ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا جہاں 35 سالہ سریندر ریڈی ساکن ایل بی نگر ہلاک ہوگیا۔
جھلس جانے والی طالبہ فوت
llاتفاقی طور پر جھلس جانے والی کم عمر طالبہ فوت ہوگئی۔ فلک نما پولیس کے مطابق اچی ریڈی نگر کے رہنے والے محمد علی کی بیٹی 14 سالہ رخسانہ بیگم مقامی اسکول میں 8 ویں جماعت میں زیر تعلیم تھی۔ 27 جنوری کو طالبہ چراغ گرنے کے نتیجہ میں اتفاقی طور پر جھلس گئی تھی۔ اسے عثمانیہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں وہ کل جانبر نہ ہوسکی۔
شیر کی نقلی کھال ضبط‘ 4 افراد گرفتار
llویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے شیر کی نقلی کھال فروخت کرنے کی کوشش پر 4 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ٹولی نے شنکر نامی شخص سے شیر کی نقلی کھال خریدی اور اسے اصلی بتا کر خواہشمند گاہک کو فروخت کرنے کی کوشش میں تھے۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے نقلی کھال ضبط کرلی۔ گرفتار شدگان کے نام 38 سالہ وٹھل راؤ ساکن نارائن گوڑہ‘ 20 سالہ جگدیش ساکن ونستھلی پورم‘ 21 سالہ امرناتھ ساکن ونستھلی پورم اور 26 سالہ شیخ امجد ساکن نلہ کنٹہ بتائے گئے ہیں۔ امرناتھ طالب علم ہے۔
نسبتی برادر کا بہنوئی پر حملہ
llپنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں سرینو نامی شخص پر اس کے نسبتی برادر رامو نے خنجر سے حملہ کیا۔ حملہ کی وجہ آدھار کارڈ کے غائب ہوجانے پر شبہ بتائی گئی ہے۔ پولیس نے زخمی کی بیوی ایلماں کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ زخمی کو علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔
تیسری مرتبہ اقدام خودکشی کرنے والی بیوہ خاتون فوت
ll دو مرتبہ اقدام خودکشی کرنے والی خاتون نے کل اپنی جان دے دی۔ مانچال پولیس کے مطابق مقامی 63 سالہ بیوہ خاتون چنماں کا کچھ عرصہ سے ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ اس نے سابق میں دو مرتبہ کنویں میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی تھی۔ اسے بچالیا گیا۔ یکم جنوری کو خاتون نے کیروسین چھڑک کر آگ لگالی۔ اسے علاج کے لئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
مغربی گوداوری میں سڑک حادثہ‘3افراد ہلاک
ایلورو۔2؍فروری( یو این آئی) ضلع مغربی گوداوری کے پیداواگی منڈل کے جانم پیٹ میں کار کے پیڑ سے ٹکراجانے کے نتیجہ میں 3افراد بشمول ایک خاتون اور ایک لڑکا ہلاک اور 4زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ ایک خاندان کے 7افراد تقریب میں شرکت کے بعد نرسا پورم سے واپس ہورہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔کار کے ڈرائیور نے لاری کے تصادم سے بچنے کے لئے پیڑ کو ٹکر دے دی ۔اس واقعہ میں 65سالہ شیخ وزیر احمد اور 55سالہ شیخ چھوٹی ماں برسر موقع ہلاک ہوگئے جب کہ 7سالہ شیخ شعیب سرکاری دواخانہ میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔زخمیوں کو جی جی ایچ دواخانہ میں شریک کروادیا گیا ۔